نئی دہلی،2؍اکتوبر(ایس او نیوزآئی این ایس انڈیا)ملک نے آج صدر رام ناتھ کووند کی قیادت میں بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کوان کے یومِ پیدائش پرخراج عقیدت پیش کیا۔صدرکووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے باپوکی سمادھی راج گھاٹ اور شاستری کی سمادھی جاکر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر رام ناتھ کووند نے گاندھی جینتی پر آج بابائے قوم اورملک کے دوسرے وزیر اعظم شاستری کوخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے سرکاری ٹوئٹ اکاؤنٹ پرلکھاکہ سچائی، عدمِتشدداور ہمدردی کے ماڈل آج بھی ہماری اخلاقیات کی کسوٹی ہیں ۔ صدرکووندنے شاستری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھاکہ ’’شاستری جی کے یومِ پیدائش پرانہیں خراجِ عقیدت۔ جنگ میں مضبوط قیادت، سبز انقلاب کے رہنما،جے جوان جے کسان سے ترغیب دینے والے‘‘۔ نائب صدرایم وینکیانائیڈونے سرکاری ٹوئٹ ہینڈل سے تصویرکے ساتھ پوسٹ کیاہے۔ مہاتما گاندھی کے 148 ویں یوم پیدائش پر آج دہلی کے راج گھاٹ میں ان کی سمادھی پرخراجِ عقیدت پیش کر رہاہوں۔ انہوں نے لکھاہے کہ ایسے میں جب ملک ان کا148 واں یوم پیدائش منا رہا ہے، میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مختلف برائیوں کے خلاف لڑ ائی کا عہد کریں۔ چلو تمام لوگ گاندھی جی کے خواب کی تعبیرکے لیے کام کریں اورتمام لوگ یکساں ہوں اور کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں ہو۔ وینکیانائیڈونے سابق وزیر اعظم کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تصویر کے ساتھ ٹویٹ کیاہے کہ سابق وزیر اعظم مسٹر لال بہادر شاستری کو ان کے 113 ویں یومِ پیدائش کے موقع پردہلی کے وجے گھاٹ پر خراجِ عقیدت پیش کیاہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج گاندھی جینتی کے موقعہ پر باپوکوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لوگوں سے ان کے خواب کومل کر پورا کرنے کی اپیل کی۔ مودی نے ٹویٹ کیاہے۔ ان کے عظیم خیالات نے دنیامیں لاکھوں لوگوں کومتاثرکیاہے۔ انہوں نے راج گھاٹ جا کر باپوکوخراج عقیدت پیش کیا۔